1 ستمبر 2015 - 11:50
امریکہ سے ایران کی دشمنی میں کوئی کمی نہیں آئی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر، جنرل محمد جعفری نے کہا کہ امریکہ سے ہماری دشمنی ختم ہوئی ہے اور نہ اس میں کمی آئی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہمارے دشمنوں کی دشمنی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے بلکہ انہوں نے ہتھکنڈے تبدیل کرلئے ہیں - سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل نے کہا کہ دشمن کی توجہ زیادہ تر سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی سافٹ وار پر مرکوز ہے، اور جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ سمجھوتے کے بعد دشمن کی دھمکیوں اور خطرات کا جواب، حکام کی جانب سے کھل کر انقلابی موقف اپنانا ہے-

 جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ دشمن ایٹمی سمجھوتہ انجام پانے کے بعد سیاسی اور اقتصادی سافٹ وار کے ذریعے اثر و رسوخ پیدا کرنے کے درپے ہے تاکہ علاقے پر اثرانداز ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی موقف اور استقامت کی پالیسی پر شدید تشویش لاحق ہے-

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ان حالات میں ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم انقلابی امنگوں اور اصولوں پر ڈٹ جائیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتدار کے اصلی محور، یعنی ظلم و ستم سے مقابلے اور مظلوموں اور محروموں کی حمایت کے لئے استقامت کا مظاہرہ کریں-

 جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ہماری دفاعی صنعت خود کفیل ہوچکی ہے اور یہ آٹھ سالہ مقدس دفاع کی برکتوں میں سے ایک ہے-جنرل محمد علی جعفری نے ایران کی مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا مزائیل پروگرام اور بحری و فضائی ٹیکنالوجی میں ملکی ترقی،دشمن کے مقابلے میں بہترین ڈیٹیرینس ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲